ہم ایک دیندار خاندان سے ہیں، اور ہم نے اپنے بچوں کی کم عمری سے ہی دینی پرورش کی ہے۔ ہم نے ان کا نام اچھا رکھا اور ان کی پیدائش کے وقت ہی ان کا عقیقہ بھی کیا۔ ہم اور ہمارے بچوں کے ارد گرد کے تمام لوگ، بشمول خاندان اور دوست دیندار ہیں، جو انہیں پیار، دیکھ بھال اور احترام کے ساتھ پیش آتے ہیں، خاص طور پر یہ کہ وہ باقاعدگی اور نظم و ضبط کے پابند ہیں، اور ذہین و فطین ہیں۔
المیہ یہ ہے کہ عرب بہار کے واقعات کے بعد اور محاذ آرائی میں اسلام پسندوں پر حملے اور غلطیوں اور ناکامیوں کو اسلام پسندوں کے ساتھ منسوب کرنے اور انہیں قتل، قید، اذیت اور حالات کی بدانتظامی کی وجوہات کا ذمہ دار ٹھہرانے کے تناظر میں، اسلام بھی میرے بچوں کی نظروں سے گر گیا، اور انہوں نے ایسے (ملحدانہ) الفاظ کہنا شروع کر دیے جو کسی بھی مسلمان کو زیب نہیں دیتے ہیں۔
ان میں سے ایک نے اپنی تعلیم مکمل کی اور پھر اکیلے رہنے کے لئے گھر چھوڑ دیا۔ نہ وہ نماز پڑھتا ہے، نہ روزہ رکھتا ہے۔ جہاں تک دو بیٹیوں کا تعلق ہے تو وہ اب بھی پردے کا اہتمام کرتی ہیں، نماز ادا کر رہی ہیں اور روزے بھی رکھتی ہیں، لیکن مجھے ان کی اس بات سے تشویش ہوتی ہے جب وہ کہتی ہیں، کہ وہ اس خوف سے اسلام سے مکمل طور پر خارج نہیں ہوئی ہیں، کہ کہیں واقعی قیامت، حساب کتاب، جنت اور دوزخ کا دن نہ آ جائے۔
واقعی.. میں اپنے بچوں کے لئے خوفزدہ ہوں اور مجھے ڈر ہے کہ وہ اس طرح لادینیت کے حلقے میں داخل ہوگئے ہیں!
محترمہ سائلہ:
ہم اپنے بچوں کی نسل پر ان ہولناکیوں پر ترس کھاتے ہیں، جن میں انہوں نے زندگی گزاری۔
انہوں نے اپنی آنکھوں سے جو کچھ دیکھا وہ (دیکھنا) کبھی آسان نہیں تھا۔ ماضی میں ہم فلسطین اور دیگر ممالک میں ایسے واقعات دیکھتے تھے، جہاں خدا کے دشمن مسلمانوں کو گالیاں دے رہے ہیں۔ لیکن حالات بدل گئے اور ان نوجوانوں نے دیکھا کہ ان کے بھائیوں کے ہاتھ باندھ کر، اپنے ہی ساتھی شہریوں نے ان کی آنکھوں کے سامنے گھسیٹا، قتل کیا اور گرفتار کیا۔ حالانکہ انہوں نے سوچا تھا کہ زمین ان کے لیے ہموار کر دی گئی ہے، اور یہ کہ ان کے مطالبات اور ان کے نفاذ کے درمیان کچھ احتجاجوں اور دھرنوں کی دیر ہے اور ان پر عمل درآمد ہو جائے گا! لیکن اچانک حالات یکسر بدل گئے! خواب چکنا چور ہو گئے اور (اب) وہ ایک تلخ ڈراؤنے خواب سے گزر رہے ہیں۔
جوانی کا مطلب ہے جوش، اور واقعات سے متاثر ہونے کی انتہا، اور اپنے دوستوں کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کے لئے خود کو قصوروار ٹھہرانا، وہ خود پر یہ الزام لگا سکتے ہیں کہ ان کے پاس انہیں بچانے کی طاقت تھی، ان کے پاس بے بسی، مایوسی اور جرم کے احساسات ہیں، جو انہیں مایوس کرتے ہیں۔ جب وہ جو کچھ ہوا اس سے تنگ آ گئے تو انہوں نے ان لوگوں کو موردِ الزام ٹھہرانا شروع کر دیا جنہوں نے انہیں باہر نکالا، اور جب مصیبت شدت اختیار کر گئی اور انہیں اس اندھیرے کا حل نہیں مل سکا، تو ان کے غصے کی سطح بلند ہونے لگتی ہے، اور وہ دل کی گہرائیوں سے پکارتے ہیں، “ہم جس حالت میں ہیں، یہاں خدا کہاں ہے؟!
یہ بے چارے، الجھن زدہ اور پریشان ہیں۔ ہمیں ان پر ترس آتا ہے کہ انہوں نے تیاری نہیں رکھی تھی کہ یہ بھاری ذمہ داری ان پر کیا بوجھ ڈالے گی، اس لیے ہم ان کی اول فول اور غیر دانشمندانہ باتوں کو معاف کر دیتے ہیں، اور ہمیں یقین ہے کہ جو کچھ ہم نے ان پر اللہ کی مدد اور رحمت سے لگایا ہے، رائیگاں نہیں جائے گا، تھوڑے وقت کی بات ہے اور وہ اپنے ہوش میں واپس آ جائیں گے۔
انہیں ان کی اسی حالت میں قبول کرنے کی ضرورت ہے، اور آپ کے گھر ان کے لئے ایک محفوظ پناہ گاہ ہیں۔ ہم ان کے جو غصیلے الفاظ سنتے ہیں، اگر وہ بعد میں خود سنیں، تو انہیں احساس ہوگا کہ وہ تنقیہ نفس کے الفاظ ہیں- اور وہ ان کے معنی مکمل طور پر مراد نہیں لیتے ہیں، کیونکہ اس مرحلے پر روک تھام بہت اہم ہے۔
آپ کہتی ہیں کہ ان میں سے ایک نے گھر چھوڑ دیا ہے! اس کے بارے میں پوچھتے نہ تھکیں، اس کے لیے اس کے پسندیدہ پکوان بنائیں، کیونکہ آپ کی طرف سے ہر دوستانہ اور سمجھدار قدم، اور جو کچھ ہوا اس کے بارے میں بات کرنے سے دور رہیں، اس سے آپ اور اس کے درمیان فاصلہ کم ہوجائے گا، انشاء اللہ۔
اسی طرح آپ کسی بھی الجھنے والی بحث سے بھی گریز کریں، اس مرحلے سے کسی طرح پرامن طریقے سے گزر جائیں۔ اگرچہ اس کا نماز اور گھر چھوڑنا عارضی طور پر غصہ کا ردعمل ہے، آپ نے اس مرحلے پر دروازہ الجھن میں بند کیا ہوگا، لیکن اس کے چہرے پر بند نہیں کیا ہوگا، لامحالہ جلد ہی اس کی واپسی ہوگی، انشاء اللہ، اور اس دوران دعا اور خیرات کیا کریں، شاید اس کے بعد خدا کوئی سبیل پیدا کرے۔
لیکن اگر چیزیں قابو سے باہر ہوجائیں ، اور وہ طویل عرصے تک دور رہیں تو انہیں صدمے کے علاج کے لیے کسی ماہر کے پاس جانے کی پیش کش کریں۔ وہ ان کے ساتھ مختلف قسم کے علمی اور طرز عمل کے علاج کی مشق کرتا ہے اور انہیں صدمے سے نمٹنے کے صحیح طریقوں کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔ ہم اس مسئلے کی مذہبی درجہ بندی کرتے ہیں، حالانکہ انہیں ان صدموں کی ہولناکی سے (بچنے کے لیے) نفسیاتی علاج کی ضرورت ہوتی ہے، جو انہوں نے محسوس کیے ہیں، اور انہیں ڈاکٹر کے وژن کے مطابق کچھ سکون کی گولیاں دینے کی ضرورت ہوسکتی ہے۔
سیاسی میدان میں “اسلام ہی حل ہے” کا لفظ استعمال کرنے کے خطرات کے بارے میں بحث ہوئی، کیونکہ ہم جن نتائج سے نمٹ رہے ہیں، ہو سکتا ہے نوجوان عبوری ناکامیوں کو اسلام کے ساتھ جوڑ رہے ہیں، اور اسلام وہ حل مہیا کرنے میں کامیاب نہیں ہوا! اس لیے وہ مذہب سے متعلق ہر چیز کو موردِ الزام ٹھہراتے ہیں!
ہم اس تجویز کے مجوز کردہ لوگوں سے اتفاق کرتے ہیں یا اختلاف کرتے ہیں، لیکن زمینی سطح پر یہ نوجوانوں کو موجودہ واقعات کی حقیقت سے آگاہ کیے بغیر، دینی نعروں کے استعمال کے نتائج میں سے ایک ہے۔ حالات و واقعات بدلتے رہتے ہیں، اور یہ کہ فتح کی حقیقت دین اور اس کے پھیلاؤ پر ثابت قدمی میں ہے، اور دشمنوں پر فتح کے معنی میں کامیابی، ایک ایسی چیز ہے جو انسان کو محبوب ہے، لیکن یہ سب فتح کامل نہیں ہے، اللہ تعالیٰ کے فرمان پر یقین رکھتے ہوئے: “اور دوسری چیزیں جو آپ کو محبوب ہیں، وہ خدا کی طرف سے مدد اور قریبی فتح ہے۔”
جی ہاں، اسلام ہمارے تمام مسائل کا حل، قول و فعل کے لحاظ سے، عمل اور حقیقت کے لحاظ سے ہے، اور ہمیں اس کے قیمتی وبیش بہا اطلاق کے لیے کوشش کرنی چاہیے، اور ہم اللہ کی رضا اور جنت کی امید رکھتے ہیں جو کہ خدا کی قیمتی شئی ہے۔ اس نعرے کا یہ مطلب نہیں کہ اسلام پر عمل کرنے والوں کو اپنی زندگی میں مشکلات اور مصائب کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور ان کے تمام مسائل پلک جھپکتے ہی حل ہو جائیں گے۔ پھر اللہ کے نبیوں کو جن مصائب کا سامنا کرنا پڑا ان کا کیا مطلب ہے! اگر کوئی اچھی پرتعیش زندگی کا زیادہ مستحق ہوتا تو وہ نبی ہوتے، لیکن یہ دنیا ہے، یعنی وہ ادنیٰ چیز جو خدا کے یہاں مچھر کے پر کے برابر نہیں ہے، اور یہ امتحان کی جگہ ہے نہ کہ انتخاب کی۔
آپ کے بچے جن حالات سے گزر رہے ہیں وہ فکری شکوک و شبہات کے دائرے میں آتے ہیں، جن کا سامنا صرف ان جیسے خیالات سے ہوتا ہے۔ اب یہ آپ کا کام ہے کہ آپ کسی ایسے شخص کی تلاش کریں جو ان غلط فہمیوں کو دور کرے، جو انہیں اس راستے پر لے گئے۔
ایک دن جب حالات پرسکون ہو جائیں گے تو وہ خود ہی محسوس کریں گے، جیسا کہ وہ کہتے ہیں کہ وہ ایک ہینگر کی تلاش میں ہیں، جس پر وہ مایوسیاں ڈال رہے ہیں اور اسلام پر الزام لگا رہے ہیں حالانکہ وہ ان کے الزامات سے بے گناہ ہے، اور اس وقت تک ان کے زخموں کو زیادہ تکلیف دہ خبروں سے نہ بھریں، خاص طور پر ان لوگوں کی جو آپ کے جاننے والوں کے حلقے میں ہیں۔
یہ بھی مناسب ہوسکتا ہے کہ اس جگہ کو چھوڑ دیا جائے جہاں انہوں نے اس طرح کے تنازعات کا سامنا کیا ہے، اور ممکنہ اہداف کے حصول پر توجہ مرکوز کریں ، جیسے اسکول میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ، اور ایک ایسا کھیل کھیلنا جس میں وہ غصے کے ذخیرہ شدہ لاوے کو باہر نکالیں۔
ماہرین نفسیات مشورہ دیتے ہیں کہ جو لوگ صدمے (نفسیاتی صدمے) کا سامنا کر چکے ہیں، ان کے دن کا ایک طے شدہ معمول ہو تاکہ خیالات، جنون اور وسوسے انہیں پریشان نہ ہونے دیں، اور آپ بچوں کو متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بات چیت کرنے اور نفسیاتی اور اخلاقی مدد فراہم کرنے کا مشورہ بھی دے سکتے ہیں، شاید اس سے ان کے احساس جرم میں کمی آئے گی۔
آپ کہتے ہیں کہ انہوں نے نماز پڑھنا ترک کر دی ہے، لیکن پھر بھی ہم آپ سے کہتے ہیں کہ ان کے سامنے آپ اور ان کے والد نماز پڑھیں، دعا کریں، ان کے کندھوں پر ہاتھ رکھیں، ان کے لئے دعا کریں کہ اللہ ان کے ذہنوں کو پرسکون کرے اور ان کی حالت کو ٹھیک کرے۔
اور اگر آپ کو ڈر ہے کہ یہ لادینیت کی راہ کا آغاز ہے، اللہ ایسا نہ کرے، تو ہم تجویز کرتے ہیں کہ آپ انجنیئر فاضل سلیمان کے مختلف پروگرام سنیں جن میں وہ لادینیت، اس کے اسباب اور علاج کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ اس سے آپ کو فائدہ اور بھلائی ملے گی انشاء اللہ، اور یہاں تک کہ سنتے ہوئے بھی ہم آپ کو ملحدوں کے ایک بڑے ملحد کے قول کے ساتھ بشارت دیتے ہیں، جس میں وہ کہتا ہے کہ کوئی بھی ذی شعور شخص خدا کے وجود کا انکار نہیں کرتا، جو لادینیت کا بنیادی معنی ہے۔ خدا کے وجود کے ثبوت سے عقل مند شخص انکار نہیں کرتا، بلکہ نوجوان اللہ کی صفات کے علم اور ان کی غلط تشریح کے شکار ہو جاتے ہیں کہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ رحم کرنے والا ہم پر رحم نہیں کرتا اور ان عذابوں کو کیوں ختم نہیں کرتا جن میں ہم ہیں؟
وہ یہ بھول گئے کہ دنیا مصائب کی جگہ ہے اس لیے انہوں نے اس کا حجم بڑھا دیا اور سوچا کہ یہ خوشی اور سعادت کا گھر ہے، انہیں ہر مصیبت میں رحمت نظر نہیں آتی، چاہے آپ کتنی ہی بڑی مصیبت میں کیوں نہ ہوں، سچا مومن گروہ خدا کا شکر ادا کرتا ہے کہ مصیبتیں دین میں نہیں ہیں۔
آپ اس طرح کے اور دیگر معانی کو ان پروگراموں میں سنیں گے جن سے شکوک وشبہات کا جواب دیا جاتا ہے، یہ لادینیت کے خلاف مزاحمت کا سلسلہ ہے جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا ہے۔
اللہ تعالیٰ آپ کے بچوں کو بے بسی، مایوسی اور ناکامی کے احساسات سے نجات عطا فرمائے اور بصیرت اور نور کے ساتھ انہیں سیدھی راہ پر بحال کرے۔ آمین
مترجم: ڈاکٹر بہاؤ الدین