ایک کامیاب تعلیمی رہنما کی نظر اِس دنیا کی سرحدوں سے آگے بڑھ کر آخرت اور اس کے ابدی اجر اور نعمتوں سے جڑی ہوتی ہے، لہٰذا وہ فوری نتائج کے پیچھے نہیں بھاگتا اور نہ اجر و ثواب حاصل کرنے میں جلد بازی دکھاتا ہے۔ کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کے لیے بہترین اجر اور بہت بڑی ضیافت تیار کر رکھی ہے۔ اور چاہے بشری کمزوریوں کا احساس اسے کتنا ہی متاثر کیوں نہ کرلے، اس کا خلوص اور نیک نیتی اسے پھر سے کھڑا کرلیتی ہے اور وہ زیادہ فعّال اور پُرامید ہوکر اپنے مشن کی طرف واپس پلٹتا ہے۔
ایک تعلیمی رہنما کا کام یہ ہوتا ہے کہ وہ تعلیمی عمل کے دوران اپنی توجہ اساتذہ کے مابین اختلافات کو دوستانہ طریقے سے حل کرنے پر مرکوز کرے، اور ہر فرد کو معاملات پر غور و فکر کرنے اور اپنی رائے کے مطابق فیصلہ کرنے کا حق استعمال کرنے کی آزادی فراہم کرے، اور ساتھ ہی انہیں تاکید کرے کہ ہر کوئی اپنی انتہائی کوشش کے ذریعے نوجوانوں کو اعلی اقدار اور اخلاقیات کی بنیاد پر تربیت کرے، اس کے ذریعے کام کے ماحول کو بہتر بنائیں، اور بغیر کسی کوتاہی یا عیب کے کام کو انجام دیں۔ اس لحاظ سے تعلیمی اداروں کے ماحول، رویے اور ساکھ کو بدلنے میں ایک تعلیمی رہنما کلیدی رول ادا کرتا ہے۔ بلکہ وہ تعلیمی عمل کا ایک ایسا بنیادی پتھر تصور کیا جاتا ہے جس کے اوپر سیکھنے والی قومیں اپنی عمارت کھڑی کرکے ترقی کی منزلیں طے کرتی ہیں۔
تعلیمی رہنما کون ہے؟
تعلیمی رہنما سے مراد وہ شخص ہے جو اساتذہ اور طلباء کی نگرانی کرتا ہے، ان کو گائیڈ کرتا ہے اور انہیں راستہ دکھاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ والدین کو بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ وہ ایسے منصوبے تیار کرنے کے لیے کام کرتا ہے جو روزمرہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر بناتے ہیں، اور مشترکہ تعلیمی اہداف حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
یہ وہ شخص ہے جو محدود لیکن بہترین وسائل اور دستیاب سہولیات کو احسن طریقے سے استعمال کرکے کم سے کم اخراجات پر اپنا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ وہ شخص ہے جو اساتذہ کو ایک مشترکہ مقصد کے حصول پر تعاون کرنے کے لیے اکٹھا کرنے کا کام کرتا ہے، جس مقصد پر وہ سارے متفق ہوتے ہیں، اس کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور اس معاملے پر اس انداز میں ڈسکس کرتے ہیں جس سے اس گروہ کے تعلقات میں ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے۔
یہ شخص دوسروں کی سوچ کو متاثر کرنے، ان کے جذبات پر قابو پانے اور ان کے طرز عمل کو رخ دینے پر قدرت رکھتا ہے۔ وہ پوری جماعت کی سرگرمی کو ایک مشترکہ مقصد کی طرف پھیر دیتا ہے۔ وہ انتظامی امور اور نظام تعلیم میں جدید اصولوں، قواعد اور نظریات کو بروئے کار لاتا ہے، تاکہ ایک ایسا داخلی تنظیمی ڈھانچہ بنایا جاسکے جو اندرونی ہم آہنگی اور مختلف شعبوں کے درمیان رضا کارانہ تعاون کو گہرا کرے، جس کے ذریعے مثبت تعامل اور کامل توازن کا حصول ممکن ہوتا ہے۔ اس طرح تمام کاروائیاں اور سرگرمیاں منظم انداز میں انجام پاتی ہیں اور ایک ماہرانہ قیادت حاصل ہوجاتی ہے۔
ایک تعلیمی رہنما کی خصوصیات:
ایک تعلیمی رہنما کی خوبیاں بے شمار ہوتی ہیں اور ان میں انصاف، تعاون، فیصلہ سازی، اختراع اور دیگر مثبت خصوصیات شامل ہیں، بشمول:
- آخرت پر نظر: اس کی نظر بہت دور تک ہوتی ہے جو اس دنیا کی حدود سے نکل کر آخرت اور اس کے ثواب سے جڑی ہوتی ہے۔
- دوسروں کا احترام کرتا ہے: وہ چاہے طلباء، اساتذہ، یا معاملات کے سرپرست ہوں، وہ ہر ایک کے ساتھ احترام سے پیش آتا ہے۔
- غیر جانبدار: یہ طرز وہ عملی احکامات جاری کرنے اور فیصلہ سازی کے وقت اپناتا ہے کہ کہیں ایک فریق کی طرفداری دوسرے فریق کی قیمت پر نہ ہو۔
- تخلیقی اور اختراعی ذہنیت رکھنے والا: وہ نئے آئیڈیاز کو نافذ کرنے اور خطرات مول لینے سے نہیں ڈرتا ہے۔ اس یقین کے ساتھ کہ ناکامی حقیقی کامیابی کا ایک لازمی جزو ہے۔
- تعاون کرنے والا: وہ یہ سمجھتا ہے کہ کامیابی صرف مؤثر تعاون، اساتذہ کو فیصلہ سازی میں شریک کرنے اور ان کے خیالات، تجاویز اور تعاون کے اوپر بھروسہ کرنے سے حاصل ہوتی ہے۔
- کھلا ذہن: وہ کھلا ذہن رکھنے کی اہمیت کو جانتا ہے۔ وہ دوسروں کو نئے طریقے آزمانے، نئی ٹیکنالوجی میں انوسٹ کرنے اور ترقی پسندانہ ذہنیت کو پرورش کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
- سیکھنے والی ذہنیت: وہ ترقی پسند ذہنیت رکھتا ہے۔ ہر وقت کچھ نیا سیکھنا پسند کرتا ہے اور اس چیز کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
- فعال: وہ کام کے ہوجانے کا انتظار نہیں کرتا، بلکہ ٹیم کے اراکین کو اعتماد میں لے کر ان سے مشترکہ تعاون حاصل کرکے خود اس کام کو انجام دیتا ہے۔
- قابل اور ذہین: وہ بہت ذہین ہوتا ہے، اس کے پاس تجزیہ کی صلاحیت اور دوراندیشی ہوتی ہے۔ اس کے اندر ہوشیاری، گفتگو کی طاقت، لچک، قابلیت، احکام صادر کرنے کی طاقت، اپنی فکر پیش کرنے کی قوت، مسائل سمجھنے اور حل تجویز کرنے کی قدرت، تبدیلی کے تقاضوں سے نمٹنے کا ہنر، اور رائے اور تجاویز سب کے سامنے رکھنے کی جرأت ہوتی ہے۔
- ایک متوازن شخص: وہ تعاون کرنے والا ہے، لوگوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرتا ہے، خوش مزاج، ملنسار، سچا، ایماندار اور منصفانہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ ثابت قدم، فیصلے کرنے والا، نفس پر کنٹرول کرنے والا اور عمل میں تواضع اختیار کرنے والا ہوتا ہے۔
- اعلی اخلاق : وہ ایماندار، مخلص، باوقار، راستباز، دیانت دار، نیک، بردبار، اور ایک اچھا رول ماڈل ہوتا ہے۔
- ہوشیار اور جرأت مند: وہ تعلیمی نظام کی خوبیوں اور کمزوریوں کو جاننے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور وقت کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ حد تک استعمال کرنے کا ہنر جانتا ہے۔ وہ واضح اعداد و شمار کی روشنی میں اپنے اور دوسروں کے لیے منطقی فیصلے کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
- وہ تمام اساتذہ اور طلباء کی حوصلہ افزائی کرنے میں ایک رول ماڈل ہے، جو تبدیلی، انفرادیت اور امید کے لیے محرک ثابت ہوتی ہے۔
- مثبت رویہ: وہ مثبت ماحول کی طرف جھکاؤ رکھتا ہے، اور وہ اساتذہ اور طلباء کو ہر قیمت پر خوشگوار ماحول برقرار رکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔
- منفرد: وہ ہمیشہ اُن چیزوں کی تلاش میں رہتا ہے جو اسے منفرد بناتی ہیں اور اختلاف کو خوش آئند چیز کے طور پرفروغ دیتا ہے۔ وہ لوگوں کی باتوں کی پرواہ کیے بغیر روایتی طریقہ کار کو رد کرتا ہے اور نئے اور منفرد طریقوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
- خود آگاہی : یہ ایک ضروری صفت ہے جو اسے ٹیم کی قیادت کرنے اور ان مہارتوں کو استعمال کرنے کے قابل بناتی ہے، جن سے وہ اپنی ذات کی نشو و نما اور اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوتا ہے۔
- ہمدرد: وہ دوسروں کے احساسات کو سمجھتا اور محسوس کرسکتا ہے، اس کے پاس جذباتی ذہانت ہوتی ہے، جو ٹیم ورک کے کلچر کو فروغ دیتی ہے اور مختلف نقطہ ہائے نظر کی تائید کرنے اور سمجھنے میں مدد کرتی ہے۔
- ایک کامیاب مذاکرات کار: یہ ایک ایسی خوبی ہے جو اسے اپنی ٹیم کے اراکین کے ساتھ مؤثر مکالمہ کرنے، ترجیحات اور اہداف کا تعین کرنے، ان کی فکر کے زاویوں کو سمجھنے اور کسی بھی منصوبے کے متعلق ان کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے میں مدد دیتی ہے۔
- فنا فی العمل: وہ اپنے اوپر عائد ذمہ داریوں کو جذبے اور خلوص کے ساتھ انجام دینے کی کوشش کرتا ہے، تاکہ اسے اپنے اہداف کو حاصل کرنے کی توفیق ملے اور متوقع فرق ڈالنے میں کامیاب ہوسکے۔
- خدمت کا جذبہ: اسے یہ نہیں لگتا کہ اس کا کام صرف حکم جاری کرنا اور نگرانی کرنا ہے۔ بلکہ آپ اسے اس کی تنظیم میں کسی بھی جگہ یا جماعت کے اراکین کے بیچ کہیں بھی دیکھ سکتے ہیں، اور آپ اکثر یہ دیکھ کر حیران رہ جائیں گے کہ وہ ہر کام میں حصہ لیتا ہے، چاہے وہ کام دوسروں کی نظروں میں کتنا ہی حقیر کیوں نہ ہو۔
- بصیرت مند: وہ بصیرت اور پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھتا ہے، کیونکہ اس کا نقطہ نظر واضح ہے، اس کے اہداف مخصوص اور قطعی ہیں، اور اس کا منصوبہ علمی بنیادوں پر مبنی ہے۔ وہ مسائل کا تجزیہ کرتا ہے اور ان کا مناسب حل اور متبادل تیار کرتا ہے۔ وہ صلاحیتوں اور مواقع کو دریافت کرتا ہے۔ اس کی نشستیں بامعنی اور نئی روح پھونکنے والی ہوتی ہیں، اور وہ روزمرہ کی تھکاوٹ اور بوریت کو ختم کرتی ہیں۔ وہ پہلے مشورہ کرتا ہے، پھر فیصلے کرتا ہے۔ وہ اپنے آپ کو اور اپنے وقت کو بہتر سے بہتر منظم کرتا ہے، اور اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو روز بروز نکھارتا ہے۔
قائدانہ کردار اور مہارت:
تعلیمی رہنما دوسرے عام ملازمین سے اس لحاظ سے مختلف ہوتا ہے کہ اس کے پاس مہارت ہوتی ہے اور وہ مختلف کردار ادا کرتا ہے، جو تعلیمی عمل کو مزید کامیابیوں کی طرف آگے بڑھاتا ہے۔ ان مہارتوں اور کردار میں سب سے نمایاں درج ذیل ہیں:
- ایکشن پلان : یہ حقیقی صورت حال کا مطالعہ کرنے، دستیاب مواقع، پہلوؤں اور رجحانات کی بصیرت حاصل کرنے پر مبنی ہوتا ہے۔ اس کا خوابوں، خیالوں یا شکوک و شبہات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
- پروگرام کی تیاری: یہ انتظامی پہلو سے متعلق ایک مہارت ہے۔ یہ علم و تجربہ، اصولوں، قواعد اور طریقہ کار کے علم، ان طریقوں کو استعمال کرنے کے عملی تجربے، اور ان کے بہترین استعمال اور انتظام کے تقاضوں کی عکاسی کرتا ہے۔
- کام کرنے والی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا: اپنے آس پاس موجود کچھ لوگوں کی بار بارغلطیوں کے باوجود ان کی حوصلہ افزائی کرنے میں اس کا ایک کردار ہے۔ وہ یقین کے ساتھ جانتا ہے کہ ہر فرد اپنی ناکامیوں پر قابو پا سکتا ہے۔ اس لیے وہ ان کی حوصلہ افزائی کرکے انہیں کامیابی کے قریب لاتا ہے، لیکن وہ غلطیوں کی نشاندہی کرنے کے پہلو سے بھی غافل نہیں ہوتا ہے۔
- مسائل کا حل: وہ یقین کے ساتھ جانتا ہے کہ ہر مسئلے کا ایک حل ہوتا ہے۔ اس لیے وہ اپنے گروپ اور کارکنوں کے سروں سے مایوسی کے بادل دور کر دیتا ہے۔ بلکہ وہ انہیں ہمیشہ یاد دلاتا رہتا ہے کہ اگر ایک دروازہ بند ہو جائے تو کئی اور دروازے کھل جاتے ہیں، اس لیے بند دروازے سے چمٹ کر نہ رہیں۔
- کارکنوں کے ساتھ بہتر تعلق اور مضبوط رابطہ: وہ اپنے آس پاس موجود ہر فرد کو اچھی طرح جانتا ہے، ٹیم میں ہر کسی تک پہنچنے کا طریقہ جانتا ہے، اور تمام ممکنہ ذرائع مواصلات کو برقرار رکھتا ہے۔
- عمل درآمد کی ذمہ داری: ایک قائد اہداف مقرر کرنے اور پالیسیاں بنانے کے علاوہ تنفیذی عمل کی براہ راست نگرانی کرتا ہے یا اپنے بعض ماتحت افراد کو اختیارات سونپ کر تنفیذی عمل کی نگرانی کرواتا ہے۔
- رول کی تقسیم اور تعلقات کی تنظیم: ہر رکن کے لیے اس کا رول بالکل واضح کیا جاتا ہے، جو اس کی ذمہ داری اور متعلقہ اختیارات کو اس انداز میں نمایاں کرتا ہے کہ رول اور ذمہ داریاں گڈمڈ ہونے سے بچ جاتی ہیں اور ساری تگ و دو ایک مشترکہ سمت میں لگ جاتی ہے۔
- نگرانی، تشخیص، حوصلہ افزائی، اور تہدید: اس کے پاس کام کو کنٹرول کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کا اختیار ہے کہ کوششیں اہداف کی تکمیل میں استعمال کی جائیں۔ یعنی وہ کام کے لیے ضروری محرکات فراہم کرتا ہے، کام میں کی ہوئی بے ضابطگیوں کے معاملات پر پکڑ کرتا ہے اور کام کو پھر سے صحیح سمت پر گامزن کرتا ہے۔
- پہل اور اختراع: اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ہر وہ سہولت اختیار کرتا ہے جو اس کی نظر میں نئے طرز فکر وعمل کو عملی جامہ پہنانے کی اجازت دیتی ہے۔
- رکنیت کا گہرا شعور: یہ اجتماعی تعامل کے عمل کو اتنا مربوط کرتا ہے کہ جس سے اراکین کے اندر ایک دوسرے کی پزیرائی اور ان اختیارات کی قبولیت میں اضافہ ہوتا ہے جو اختیارات ہر فرد کے پاس نہیں ہوتے ہیں۔
- کارکردگی کا جائزہ: یہ ایک اہم رول ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ یہ مقررہ منصوبوں اور طے شدہ پروگراموں کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔ تاکہ وہ نظام اور کارکن آگے بڑھیں، جن کی وہ قیادت کرتا ہے۔
ایک کامیاب تعلیمی رہنما (قائد) مختلف ذمہ داریوں اور کرداروں پر فائز ہونے کے علاوہ اور بہت سی خوبیوں اور مہارتوں سے پہچانا جاتا ہے۔ جو اسے ٹیم ورک کی قیادت کرنے اور ان مسائل اور چیلنجز کو حل کرنے میں کام آتی ہیں، جو اسے تنظیم کی قیادت کرتے ہوئے درپیش ہوتے ہیں۔ اس طرح وہ کام کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ بخش ماحول پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہے، جس کی خصوصیات میں افہام و تفہیم اور تعاون شامل ہیں، اور اس کی قیادت اس انداز میں کرتا ہے جس سے عمومی اجتماعی روح اور یکجہتی کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔
ذرائع اور حوالہ جات:
- اسماء مختار: تعلیمی قیادت کا نظریہ (نمونے اور جہتیں)
- ڈاکٹر ایڈورڈ عبید: تعلیمی قیادت… اس کی ضروریات اور مہارتیں۔
- اسماء شاکر: تعلیمی نظام میں تعلیمی قیادت کا تصور کیا ہے؟
- ڈاکٹر خالد محمد الشہری: تعلیمی رہنما جو ہم چاہتے ہیں: کامیاب قیادت کی کنجیاں
- منیف الشمری: شہر ریاض کے نگران تعلیم کی نظر میں ایک
- کامیاب تعلیمی قائد کی خصوصیات، “فیلڈ اسٹڈی” ص 154 اور 155۔
- ھدی عبدالسلام: ایک کامیاب تعلیمی رہنما کی خصوصیات۔
- محمد مرعی: ادارتی قیادت میں انتظامی مہارت، ص 8 ۔
- فرید فہمی: منیجمنٹ اور بزنس کے اصول و مبادی، ص 17۔
مترجم: سجاد الحق